Haque, Shahzaman (2023). « Muqadma » (Préface). Historical Mosques of Bihar (en ourdou) de Dr. Shahnawaz Haque. Patna : AIMEEIS, v-xii.
پروفیسر شاہ زماں حق
شعبہ صدر اردو
انالکو، پیرس، فرانس
ستمبر ۲۰۲۳، پیرِس، فرانس
میرے والد محترم ڈاکٹر شاہ نواز حق (مرحوم)کی تمام زندگی اعمالِ صالحہ میں گزری۔اُن کو مسجدوں سے خاصا لگاؤ تھا ۔ بہ طور محقق شعبہ قدیم تاریخ وآرکیولوجی، پٹنہ یونی ورسٹی سے ماسٹر کی سَند حاصل کرنے کے بعد اُنھوں نے کچھ ماہ آثار ِقدیمہ علی گڑھ کے ایک پروجیکٹ پر کام کیا ۔ یہ سنہ ۱۹۷۲ء کی بات ہے ۔ پھر سیوان کے ایک کالج زکیہ آفاق اسلامیہ میں اُن کا بہ طور تاریخ کے لکچرر تقرر ہوا ؛ لیکن اُن کو سیوان کی آب و ہوا راس نہ آئی ،اس لیے وہ اس ملازمت سے دست بردار ہو کر واپس پٹنہ تشریف لے آئے ۔ ۱۹۷۵ء کے اوائل میں انھیں خیال آیا کہ مساجد پر تحقیق کا کام کیا جائے جو بہار کی سر زمین کے لیے اپنی نوعیت کا ایک منفرد کام ہوگا کیوں کہ انفرادی سطح پر مشہور و معروف مساجد کی تاریخ پر توکتابیں موجود ہیں ؛لیکن کسی خطّے یا صوبائی لحاظ سے مساجد پر تحقیق چندِ معدوداں ہے ۔ تقسیم ِہند کے بعد ۱۹۷۶ء میں ’’لاہور کی مساجد‘‘ طبع اوّل شایع ہوئی ،جو میری دانست میں اس نوعیت کی پہلی کتاب تھی ۔ اس کے بعد کتاب کی دوسری اشاعت ۱۹۷۷ ء میں عمل میں لائی گئی ۔ یوں دیکھا جائے تو اس دورانیے میں اب تک بہار کی مساجد پر کوئی تحقیقی کتاب منظرِ عام پر نہیں آئی ۔
ڈاکٹر شاہ نواز حق (مرحوم ) نے جب اس موضوع پر مارچ 1975ء تحقیق کا کام شروع کیا تو تب ان کے پاس کوئی ذریعہ معاش نہیں تھا۔ فروری ۱۹۷۶ میں پٹنہ مسلم ہائی اسکول میں بہ طور تاریخ کے استاد ، اُن کا تقرر ہوا ۔ اس ملازمت سے قبل انھوں نے اپنے نجی وسائل سے بہار کی مساجد کا دورہ کیا۔ انھیں ملازمت کی وجہ سے فیلڈورک کے لیے وقت کی کمی کا مسئلہ در پیش رہا کیوں کہ اسی دوران اُنھوں نے پی ایچ۔ ڈی کے لیے تاریخ و آرکیلولوجی شعبہ، پٹنہ یونی ورسٹی، پٹنہ میں داخلہ لے لیا ۔ پی ایچ۔ڈی کا موضوع ِتحقیق ”چاناکیہ کی سیاست “پرتھا جو انھوں نے بہ خوبی احسن ۱۹۸۴ میں پورا کر لیا ۔
اُنھوں نے مساجد کی تحقیق میں کڑی محنت کا ثبوت دیا اور اس کام کو عملی جامہ پہنایا ۔ جب یہ کتاب منظر عام پر آئی تو اُسے علما ، دانش وروں اور عوام سے زبردست پذیرائی ملی ۔ اس کی غیر معمولی مقبولیت کی کام یابی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آج چھیالس سال بعد بھی اس کتاب کی مانگ ہے ۔ والد گرامی کی وفات (اپریل ۲۰۲۱ء ) کے بعد مجھے انڈیا سے دو تین مرتبہ فون آیا کہ اس کتاب کا نسخہ کسی کتب خانے میں دست یاب ہے یا نہیں؟ریختہ ویب سائٹ پر اس کتاب کا ایک نسخہ موجود ہے جہاں سے آن لائن مطالعہ کیا جا سکتا ہے ۔ بقول سیّد راشد حسین :اس کا ایک نسخہ بہار اردو لائبریری، پٹنہ میں بھی ہے ؛ لیکن یہ بات تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ ایک اور نسخہ خدا بخش لائبریری پٹنہ میں بھی موجود ہے۔
موجودہ دور میں ہندوستان جو تشویش ناک ماحول بنا ہوا ہے اُس میں شمالی ہند کی مسجدیں شر پسندوں اور کئی ہندواتو تنظیموں کے حملے کی زد میں آگئیں ہیں۔ نیز کچھ مہینے قبل بہارشریف کی مسجد مرارپور کو نذر ِآتش کر دیا گیا ۔ جس وقت میں یہ مضمون لکھ رہا تھا ، نوح ہریانہ میں ایک نائب امام جن کا تعلق بہار سے تھا، ہندواتو تنظیموں کے دہشت پسند گروہ نے انھیں قتل کر دیا ۔ آج سے تقریباً ۳۱ سال قبل بابری مسجد کو تاریخ کے پنّوں میں سپرد کر دیا گیا اور اب گیان واپی مسجد کا ایک نیا شوشا کھڑا کر دیا گیا ہے ۔ میرا سارا بچپن بابری مسجدکی سیاست، جھگڑا، رتھ یاترا اور اُس کی شہادت کے بعد ہوئے فساد کا گواہ رہا ۔ اس تناظر میں ہندوستان میں مساجد کی اہم اور انمول تاریخی بقا کے لیے تحقیقی کام لازمی ہو گیا ہے ۔اس حوالے سے والد مرحوم کی یہ کتاب ایک قیمتی سرمایہ ہے ۔ مصنف نے پٹنہ کی تاریخی عظمت اور مسلم حکم رانوں کے ذوقِ تعمیر کا اختصار کے ساتھ ایک بہترین نقشہ کھینچا ہے ۔
بہار میں دوسرے صوبوں کے مانند ہزاروں کی تعداد میں مساجد موجود ہیں؛ لیکن اُن کا صحیح شمار آج آسان امر نہیں ہے ۔ مورخہ۶ ستمبر۱۹۹۵ء کو راجیہ سبھامیں مسجدوں کی تعداد پر پوچھے گئے سوال پر جواب موصول ہوتا ہے کہ ملک بھر میں ۲۶۶ مساجدمرکز کے تحفظ میں ہیں۔ (محکمہ آثار قدیمہ) جن میں سے بہار کی تین مساجد شامل ہیں (جمعہ مسجد حاجی پور، میراشرف کی جمعہ مسجدپٹنہ اور جامع مسجد، ہدف) ۔ اس کتاب میں اُن مساجد کا ذکر کیا گیا ہے جو تاریخی اہمیت کی حامل تھیں تاہم سیکڑوں مساجد اوربھی ہیں جن کا سروے نہیں کیا جا سکا تھا ۔
یوں مجموعی طور پر اس کتاب میں بہار کی ۲۳۴ تاریخ ساز مساجد کے نام موجود ہیں جن میں سے پٹنہ کی ۱۰۰ مساجد کے نام الگ سے درج ہیں ؛لیکن اب پٹنہ شہر کافی وسیع ہو گیا ہے ،اس لیے اس میں اور بھی بہت ساری مسجدیں شمار ہوں گی۔ منیر شریف کی ۱ٹھارہ مساجد کا تذکرہ موجود ہے ؛لیکن یہاں کی بقیہ مساجد کے نام درج نہیں ہیں ۔ چارمساجد کا حوالہ کتبوں کی تاریخ سے دیا گیا ہے اور دو مساجد کا ذکر ایک خط کے حوالے سے کیا گیا ہے ۔ بھاگل پور کی بیس مساجد میں سےصرف سترہ کا نام دیا گیا ہے اور طباعت کی چُوک سے تین نام حذف ہو گئے ہیں ۔ اگرچہ اِن میں بہت ساری مسجدیں آباد ہیں لیکن ان کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں دی گئیں ؛لیکن ۲۴ مساجد غیر آباد ہیں اور پٹنہ کی چھےمساجد(کتھک تلے کی مسجد، گائے گھاٹ کی مسجد، ویران مسجد، چھوٹی مسجد، ویران مسجد، بی بی شرفو کی مسجد) پر غیر مسلموں کا قبضہ ہے ۔
اس کتاب میں تحقیق کا عمل بہت باریکی ، ان تھک جدوجہد اور لگن سے کیا گیا ہے ۔ تحقیق کے اس عمل میں کتبوں کا جائزہ (زبان، طول و عرض)، مساجد کا رقبہ، مساجد میں لگے پتھروں کا جائزہ، مساجد کے اندر کی ساخت و تعمیر کا فن (محراب، دروازہ، پایہ، گنبد، منارہ، کھمبا، صحن، دیوار پر نقّاشی، حوض )، مساجد کی دیواروں پر کندہ عبارتیں، تاریخ تخریب، مساجد کے متولی یا امام یا ارد گرد میں رہنے والے لوگوں سے گفت وشنید اور مورخین و ان کی تحاریر / مخطوطات اور سندیات نیز خطوط و مراسلات کا بھی سہارا لیا گیا ہے ۔سیّد راشد حسین اور ڈاکٹر تنویر شہاب بتاتے ہیں کہ ڈاکٹر شاہ نواز حق (مرحوم )نے کیمرےکی مدد سے اُس زمانے میں کتبوں اور مساجد کی تصاویر بھی لیں ۔یوں اس کتاب میں نظریہ کلیّت سے طریقیت کو اپنانے میں ترجیح دی گئی ہے اور یہی امر اِس کتاب کا سب سے بڑا وصف ہے۔
مساجد کی تحقیق کے اس کام میں کتبوں کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فارسی اور عربی کتبوں کا بالرتیب اُردو ترجمہ کیا گیا ہے ۔ یہاں یہ نکتہ ملحوظ رکھنا چاہیے کہ مصنف فارسی و عربی زبان سے مکمّل طور پر دست رس نہیں رکھتے تھے ۔ بقول ڈاکٹر تنویر شہاب :اس ضمن میں جناب عبید الحق، پروفیسر ڈاکٹر محمد محسن اور پرفیسر انوار الاحمد کی راہ نمائی اہم ہے ۔ کتبہ کسی بھی عمارت کی تاریخ کی عکاسی کے لیے ایک سند اور دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے ۔ یاد خاطر رہے کہ پروفیسرامتیاز احمد (۱۹۹۸ء)نے بھی کتبوں کی بنیاد پر اپنے مضمون میں پختہ حوالہ دیا ہے کہ جن مساجد میں کتبہ نہیں تھا اُن کی تاریخ کے بارے میں ٹھوس معلومات کا فقدان رہتا ہے کہ اُن کی تعمیر کس سنہ میں ہوئی اور تعمیر کس نے کروائی ۔نیز کتبہ موجود نہ ہونے کی وجہ سے یہ خطرہ لاحق رہتا ہے کہ مسجد پر کسی اور مسلک کی عبادت گاہ ہونے کا دعویٰ ٹھونس دیا جائے حالاں کہ کتبہ موجود یا نسب ہونے پر بھی تاریخ میں ردّ وبدل کر کے یہ کام انجام دیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر اس کتاب میں پٹنہ میں مقیم خواجہ کلاں گھاٹ کے ملحقہ ایک مسجد ہے جس پر کوئی کتبہ موجود نہیں اور تعمیر سے متعلق معلومات نہیں ملتی۔ کتبہ کی اہمیت کااندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ امتیاز احمد کے مطابق ہلسا کی مسجد جو اب موجود نہیں ہے ؛لیکن اُس کا کتبہ اُس کے متولی کے گھر سے برامد ہونے پر مسجد کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں۔امتیاز احمد کے والد پروفیسر قیام الدّین احمد(۱۹۷۳ء ) کا بھی عربی اور فارسی کتبوں پر ایک اہم اور ضخیم شاہ کار ہے۔ بقول ڈاکٹر تنویر شہاب :انھوں نے یہ کام بہار کے قبروں پر کیا تھا ؛ لیکن اصل میں اُس میں مساجد بھی شامل ہیں جسے کافی مقبولیت حاصل ہوئی اور بہت ممکن ہے کہ میرے والد مرحوم بھی اس کتاب سے متاثر ہوکر اسی نوعیت کا کام مساجد پر کرنے کا خیال اُن کے دل میں آیا ہو ۔ جناب سیّد شاہ منور حسن نےکتبوں کے تناظر میں دو اہم کتابوں کا حوالہ دیا ہے جس کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ۔ اوّل تو فصیح الدّین بلخی کی کتاب (۱۹۹۳) ’’پٹنہ کے کتبے‘‘ جس میں مسجد، قبر، مزار، درگاہ، عیدگاہ، عمارت وغیرہ جیسے اہم مقامات کے کتبوں کی تاریخ پر ایک نہایت اہم تحقیقی کارنامہ ہے حالاں کہ ان کتبوں کا ترجمہ اس کتاب میں نہیں دیا گیا ۔ دوم سیّد محمد کی کتاب ’’ اولڈ انسکرپشن ایٹ پٹنہ‘‘ (انگریزی عنوان) (۱۹۹۳ء)بھی بہار میں کتبوں پر پہلا تحقیقی عمل بتایا جاتا ہے کیوں کہ مصنف کی وفات ۱۹۳۰ ء میں ہو گئی تھی جب انھوں نے یہ کام انجام دیا اور تقریباً ساٹھ سال کے بعد خدا بخش اوری اینٹل پبلک لائبریری نے اس کتاب کو شایع کیا ۔
اس کتاب میں کتبوں کی تناظر میں ایک اور امر یہ مترشح ہوتا ہے کہ زبان اور اُس کا رسم الخط کا مقام کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ امروزہ میں جہاں ہماری نوجوان نسل اردو اور اُس کے رسم الخط سے رفتہ رفتہ نا آشنا ہو رہے ہیں (شاہ زماں حق ۲۰۲۳ء ) ان کے لیے یہ کتاب سبق آموز ہے کہ کس طرح ہماری تہذیب، مذہب و ثقافت کا ایک اہم حصّہ/ ورثہ ہماری مادری زبان بھی ہے۔
کچھ مساجد جس کا ذکر اِس کتاب میں ہوا ہے اُن پر تاریخ کی روشنی میں دوسرے محققین نے بھی جائزہ لیا ہے اور مزید معلومات فراہم کی ہیں ۔ بہار کی مسجدوں کو تحقیق کے آئینے میں مرزا معصوم کی مسجد (شاہ نواز حق ، ۱۹۷۷،ص ۱۶) کے بارے میں پروفیسر امتیاز احمد (۱۹۹۸) لکھتے ہیں کہ :یہ مسجد مرزا معصوم نے 1614 ء سے ۱۶۱۷ء کے درمیان بنوائی تھی ۔ موصوف پٹنہ میں ۱۶۱۳ء میں قیام کرنے آئے تھے ۔امتیاز احمد کے بقول مغل بادشاہ شاہ جہاں کے دورِ حکومت میں جب سیف خان(۱۶۳۲۔۱۶۲۸ء) صوبہ بہار کا گورنر تھا، حاجی تتار مسجد اسی زمانے میں تعمیر میں ہوئی جس کا ذکر والد مرحوم نےص ۸۶ میں تفصیل سے کیا ہے۔ روضہ مسجد کا تذکرہ بھی شامل ہے (ص ۲۳۔۲۲) جس کے بارے میں امتیاز احمد لکھتے ہیں کہ یہ بہار کی شاید واحد مسجد ہے جس کی تعمیر کا سہرا مغلوں سے منسوب کیا گیا ہے اور جس کی تعمیر سنہ (۱۶۶۸۔۱۶۶۷ء) میں ہوئی ۔ خواجہ عنبر کی مسجد ۱۶۸۹۔۱۶۸۸ ءمیں تعمیر ہوئی جس کا ذکر امتیاز احمد نے کیا ہے اور مصنف نے اس اسے بہت خوب صورتی سے بیان کیا ہے۔ علاوہ ازیں اور بھی کچھ مغل عہد کی مساجد ہیں جس کا ذکر امتیاز احمد نے کیا ہے ؛لیکن اس کتاب میں اُن مساجد کا تذکرہ شامل نہیں کیا گیا ۔ مثال کے طور پر حبَش خان کی مسجد، ہِلسا کی مسجد(جو مندہم ہو چکی تھی)، مخصوص خان کی حاجی پور میں مسجد (کھنڈر حالت)، بہار شریف میں شیخ فرید کی مسجد، سہسرام میں علی اکبر کی مسجد، بہار شریف میں حبیب خان سُور کی مسجد، مُنگیر میں راجہ بہروز کی مسجد، پَلامُو میں داؤد خان قریشی کی مسجد، صادی خان کی مسجد اور شریف خان کی مسجد ۔ اس کتاب میں مصنف نے بزرگ امید خاں کی مسجد پر ایک عمدہ تبصرہ کیا ہے لیکن امتیاز احمد کے مضمون میں بزرگ امید خان کا صرف نام درج ہے اور انکی بنائی ہوئی مسجد پر کچھ نہیں کہا گیا ہے ۔
مفتی محمد ظفرالدین نے سنہ ۱۹۹۰ میں ’’تاریخ مساجد‘‘ کے نام سے ایک کتاب شایع کی جس میں بہار کی سات مساجد کا ذکر کیا گیا ہے جن میں پتھر کی مسجد، سیف خاں کی مسجد، مسجد فخرالدولہ، مسجد بزرگ امید خاں، جامع مسجد خانقاہ رحمانی، سنگی مسجد حاجی پور اور شاہی مسجد مکندرپور چک نعمت شامل ہیں(آخر کی دو مساجد کا تذکرہ والد کے کتاب میں بدقسمتی سے نہیں ملتا ہے ) ۔ پتھر کی مسجد کے بار ے میں وہ لکھتے ہیں (ص ۲۲۰) کہ یہ مسجد ۱۶۲۶ء میں تعمیر ہوئی ہے اور اُن کے بقول کتبہ کے بانی میں نظر بہادر خویشگی کا نام ہے ۔ مصنف نے اس مسجد میں لگےکتبے کا ترجمہ کیا ہے اور ان کے مطابق یہ اہل ِتشع کی مسجد ہے اور غیر آباد ہے (ص ۱۸) ۔ امتیاز احمد لکھتے ہیں کہ یہ مسجد سنگی مسجد کے نام سے بھی مشہور ہے ۔سیّد شاہ منور حسن نے یہ بتایا کہ اگرچہ پروفیسر قیام الدّین (۱۹۷۳ء) کا کتبوں کا کام بہت وسیع پیمانے پر ہے ؛لیکن اُس میں بھاگل پور کی مساجد کا ذکر شامل نہیں جس کی کمی والد مرحوم کی اس کتاب میں پوری ہوتی دکھائی دیتی ہے ۔
اس کتاب کی طباعت کے چھیالس سال کے بعد آج صرف بہار ہی نہیں بل کہ پورے ہندوستان میں مسجدوں پر اس نوعیت کی تحقیق کافی ضروری ہو گئی ہے تاکہ نہ ہی صرف اُن کی حفاظت و نگہداشت ہو سکے بل کہ وہ بھی تاریخ کا ایک اٹوٹ حِصّہ بنیں اور آرکیولوجیکل سروے آف انڈیا کے زیر ِانتظام اُن کی شناخت برقرار رہے ۔ نیز آج اس کتاب کی تناظر میں یہ بھی جاننا اہم ہے کہ جو مساجد ۱۹۷۵ ء میں آباد تھیں یا غیر آباد (مثال کے طور پر امید خاں کی مسجد، پٹنہ سیٹی) یا جہاں صرف جمعے کی نماز ادا کی جاتی تھی (مثال روضہ مسجد، پٹنہ سیٹی) اُن مسجدوں کی آج کے دور میں کیا خبر ہے ؟ کیا اِن میں سے جو مساجد آباد تھیں کیا وہ غیر آباد ہو گئی ہیں؟ اور جو غیر آباد یا اُس زمانے میں مخدوش حال میں تھیں (آمنے سامنے کی مسجد، احمد علی خاں کی مسجد) کیا وہ آج بھی موجود ہیں یا مسمار کر دی گئی ہیں ؟ بہت ساری مساجد کے بارے میں اس کتاب میں یہ بھی درج ہے کہ بہار کے ۱۹۳۴ ء کے زلزلے میں انھیں شدید نقصان پہنچا تھا تو آج ان مساجد کے کیا حالات ہیں ؟ آج وہ کون سی مساجد ہیں جو محکمہ آثار قدیمہ کے زیرِسایہ تحفظ میں ہیں یا برباد ہو رہی ہیں ؟غرض مساجد کی گزشتہ اور موجودہ حالت میں کتنا فرق آیا ہے؟
میں ڈاکٹر افتخار اسد اللہ کا بے حد شکر گزار ہوں کہ اُنھوں نے اس کتاب کو ایک نئی زندگی عطا کر کے مجھے ، میرے والد ڈاکٹر شاہ نواز حق (مرحوم)کو ان کی عظمت اور تحقیقی جذبے کو خراج ِعقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا ۔یہ ”مقدمہ “اس ضمن میں میری ایک ادنیٰ سی کاوش ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ مسجد اور تاریخ کے تحقیقی شعبے میں، خصوصاً بہار کی مساجد پر جہاں تحقیق کا کافی بہران ہے، ایک نئی امنگ پیدا ہوگی۔ یہ بھی امید کرتا ہوں کہ اس نئے ایڈیشن سے نہ صرف برصغیر پاک و ہند بل کہ عالمی سطح پر بھی محقق ودانش ور مستفید ہوں گے اور اس کام کو آگے بڑھایا جائے گا ۔
حواشی
ڈاکٹر محمد عبد الله چغتائی، ۱۹۷۶، مساجد لاہور، كتاب خانہ نورَس، لاہور ۔
مولانا مفتی محمد ظفر الدين، ۱۹۹۰، تاريخ مساجد، جلد اوُل ۔
عطا الرحمن قاسمی، ۲۰۰۰، پنجاب و ہریانہ کی تاريخ مساجد، بنجاب وقف بورڈ، نئی دہلی ۔
عطا الرحمن قاسمی، ۱۹۹۵، دلی کی تاریخی مساجد، حصف اوّل، مولانا آزاد اکیڈمی، نئی دہلی ۔
فصیح الدّین بلخی، ۱۹۹۳، پٹنہ کے کتبے، خدا بخش لائیبریری، پٹنہ۔
Ahmad, Imtiaz (1998). The Mughal Governors of Bihar and their popular works. Proceeding of the Indian History Congress, 1998. Vol. 59, 383-393.
Asher, C. B. (1989). From Anomaly to Homogeneity: The Mosque in 14th- through 16th- Century Bihar. In Studies in art and archaeology of Bihar and Bengal : Nalinīkānta Śatavārṣikī, Dr. N.K. Bhattasali cententary volume (1888-1988) / (pp. 67–68). Sri Satguru Publications.
Dr. Tanweer Shahab. (2023). Interview on Dr. Shahnawaz Haque Biography. 16 August.
Hanoon, Sana. (2021). The mosques of colonial South Asia : A social and legal history of Muslim worship. London.
Haque, Shahnawaz. (1977). Historical mosques of Bihar. https://www.rekhta.org/authors/shahnawaz-haque
Haque, Shahzaman. (2023). https://thediplomat.com/2023/01/why-the-urdu-script-is-crucial-for-indias-cultural-diversity/
Mohammad, Syed. (1993). Old Muslim inscriptions at Patna. Khuda Baksh Oriental Public Library. Patna.
Qeyamuddin Ahmad. (1973). Corpus of Arabic & Persian Inscriptions of Bihar (A.H. 640-1200). K.P. Jayaswal Research Institute.
Syed Rashid Hussain. (2023). Telephonic interview on Dr. Shahnawaz Haque Biography. 12 August.
Syed Shah Munawar Hassan. (2023). Telephonic interview on inscription research in Bihar. 16 August.
OpenEdition vous propose de citer ce billet de la manière suivante :
Shahzaman Haque (18 janvier 2024). مقدمہ ۔ بہار کی تاریخ ساز مسجدیں. Urduturnon. Consulté le 4 octobre 2024 à l’adresse https://doi.org/10.58079/vmel