یاسین کی صورتحال: خالی جگہیں خالی کرو

یاسین کی صورتحال

خالی جگہیں

خالی کرو

 

محمد ابراہیم پراچا

Md. Ibrahim Pracha

ہمارے چچا ماشاللہ کثیرالعیال ہیں، چچی بیچاری اکیلی جان ، گھر کے کام کاج سے عاجز آ گئیں۔ ایک خاتون ڈھونڈ کر رکھی گئیں جو کپڑے دھو دیتی ہیں، جھاڑو پونچھا کر لیتی ہیں۔ ایک دن انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا پڑھائی میں بالکل سست ہے، ٹیوشن پڑھوانے کی میری سکت نہیں اس مورکھ کے ہاتھ سے بہت تنگ ہوں

سن کر چچی کو افسوس ہوا ہمارے چچازاد سکندر بھائی کو ان خاتون کے بیٹے کو ٹیوشن پڑھانے پر مامور کیا گیا۔ ہفتہ دس دن پہلے کی بات ہے میں چچا کے ہاں گیا تو سکندر بھائی یوں بیٹھے ہیں کہ طیش اور مایوسی کے ملے جلے تاثرات چہرے سے عیاں ہیں،

سامنے وہ بچہ یاسین ایک شرمندہ سی مسکراہٹ چہرے پر سجائے بیٹھا ہے۔ میرے استفسار پر کہنے لگے “یار بتاؤ ساتویں جماعت میں پڑھ رہا ہے چار کا پہاڑا اس کو نہیں آتا، ڈیویژن نہیں جانتا کہ کس چڑیا کا نام ہے”

مجھے ان پر ترس بھی آیا اور اس اندیشے سے کہ یہ ابھی اس کی درگت نہ بنا ڈالیں ان کو کہا آپ آرام کر لیجیے آج میں پڑھادوں گا اسے۔ پڑھانے سے پہلے دو چار باتیں ادھر ادھر کی کرتا ہوں متعلم صاحب سے تو ماشاللہ ان کو براق اور حاضر جواب پاتا، ہوں، غبابت کا نشان نہیں۔

اب تو واقعی حیرت ہوئی کہ ایسا ہوشیار لڑکا اور اسے ایسی بنیادی باتیں نہ معلوم ہو، آخر مسئلہ کیا ہے؟ تسلی کے لیے چار کا پہاڑا سنا تو چارچھکے چوبیس تک درست سنا پایا اس سے آگے خاموش۔ پھر پوچھا کہ میاں تم نے کہیں لفظ ڈویژن سنا ہے، نفی میں سر ہلا دیا۔

ریاضی کی کتاب پر نظر کرتا ہوں تو سر تا سر انگریزی میں ہے، پھر پوچھا تقسیم کا لفظ کہیں سنا ہے، ایک آدھ منٹ توقف کے بعد کہا ہاں سنا تو ہے، پوچھا تقسیم کہتے کسے ہیں؟

جواب ندارد۔ سوچا چلو حساب میں دل نہیں لگتا ہوگا اس کا کوئی اور مضمون پڑھائیں، کہا انگریزی کی کتاب نکالو آنکھیں چرا کر کہنے لگے وہ گھر چھوڑ آیا ہوں، بستہ کھولا تو کتاب موجود۔ سوچا چلو با آواز بلند انگریزی پڑھنے میں جھینپتا ہوگا اس عمر میں کسی کی انگریزی اچھی ہوتی ہے۔

اسلامیات کی کتاب نکالی اور فر فر پڑھنا شروع کی تو میں نے اطمینان کا سانس لیا۔ تھوڑی دیر تو سنتا رہا پھر جب اس نے ایک جملہ پڑھا کہ ‘ تمام فرزندانِ توحید بارگاہِ الٰہی میں سجدہ ریز ہوگئے’ تو مجھے تجسس ہوا کہ اسے اس کے معنیٰ بھی معلوم ہیں یا جیسے ہم انگریزی عبارات بنا سمجھے پڑھتے تھے ویسے ہی یہ بھی اصوات کی گردان کر رہا ہے۔ اس جملے کے معنی تو خیر کالج کے طلبا بھی صحیح سے بیان نہ کر پائیں، مگر ذرا کرید کی تو میرا شک درست ثابت ہوا، وہ کچھ بھی سمجھے بغیر پڑھتا جا رہا تھا۔

اب مجھے آہستہ آہستہ اندازہ ہونے لگا کہ مسئلہ دلچسپی ہونے یا نہ ہونے کا نہیں بلکہ نسبتاً اساسی نوعیت کا ہے۔ میں نے یوں ہی اس کی استعداد جاننے کیلیے پشتو میں عام فہم زبان میں ضرب و تقسیم کے چند سوالات پوچھے تو فر فر جواب دے دیا، معلوم ہوا کہ تقسیم و ضرب سے بظاہر نابلد یہی لڑکا گھر بار کا بندوبست کرتا ہے اور ہزاروں روپے کا جمع خرچ کرتا ہے ۔ ایک طرح سے گھر کا سربراہ ہے کیونکہ اس کے والد کو چرس کی لت ہے اور وہ مہینوں مہینوں گھر کا رخ نہیں کرتے۔ اب اسی ذمہ دار اور تیز فہم لڑکے کے سامنے اردو اور انگریزی کی نامانوس اصطلاحات کا بھنڈار لگا دیا جائے تو یہ مبہوت ہوجاتا ہے۔

 : پوچھا پاس کیسے ہو جاتے ہو تو جواب ملا : ’کلاس میں ممتحن کو بالکل کورا کاغذ لوٹانے والے دو تین طلبا تو فیل کر دیے جاتے ہیں، ادھر ادھر سے کچھ دیکھ داکھ کر لکھ لینے والوں کو اگلی جماعت میں ترقی دے دی جاتی ہے۔ مادری زبان میں تعلیم کے ہر مطالبے کو شک کی نگاہ سے دیکھنے والوں کو کوئی اندازہ ہے کہ پرائی زبانوں کو وسیلہِ تعلیم بنا کر وہ کیسے اس ملک کی اگلی نسلوں کے حق میں کانٹے بو رہے ہیں؟ انگریزی اور اردو کے دہرے تسلط سے 11 سال کشتی لڑنے کے بعد یہ ذہین بچہ بورڈ کا پرچہ ایک دو سال فیل کرے گا اور پھر سکول چھوڑ کر یا رکشہ چلانے لگے گا یا کسی مستری کے پاس شاگرد لگ جائے گا۔مجھے اس کی بلند حوصلگی اور ذہانت سے پوری امید ہے کہ ان حالات میں بھی یہ کوشش کر کے ایک دن خاصا پیسہ کما لے گا۔ مگر سوچیے کیا ہم لوگ جبراً و قصداً ترقی کے تمام دروازے ان بچوں پر بند نہیں کر رہے ؟

ایسی پڑھائی حصولِ علم میں معاون ہے کہ مزاحم ہے یہ صاف ظاہر ہے۔ اس مسئلے پر ٹھنڈے دل اور سنجیدگی سے غور کی ضرورت ہے کہ کہیں ہمارا نظامِ تعلیم ایک بہت بڑے طبقے کو پسماندہ اور محکوم رکھنے کے لیے تو استعمال نہیں ہو رہا۔ اگر ہاں تو اس کا سد باب کیسے کیا جائے۔ موجودہ صورتحال میں تو مجھے خوش آئندگی کے مراتب کے حساب سے بچوں کے تین گروہ نظر آتے ہیں:

صاحب بچے:  ’یہ بچے اور کچھ سیکھیں نہ سیکھیں انگریزی ضرور سیکھ لیں گے اور اسی کے بل پر راج کریں گے‘۔

کسی کے بچے : ’یہ بچے اردو سیکھ لیں گے اور جس انگریزی کے سکھانے کے لیے ان کے ماں باپ بیش قیمت کتابیں خریدتے ہیں اور فیسیں بھرنے کے لیے جانکاہ محنتیں کرتے ہیں وہ بہرالحال ان کو نہ آئے گی۔ تاہم ان کا مستقبل بھی مخدوش نہیں ہے، اردو اور ناقص انگریزی کی شراکت کا جادو بھی اس ملک میں سر چڑھ کر بولا ہے‘۔

دشمن کے بچے : ’یہ بچے ملک کے طول و عرض میں پائے جاتے ہیں۔ مشہور ملی گیت کی روشنی میں حکومت کو انہیں پڑھانا تو ہے، تاہم کیسے پڑھانا ہے ، کیوں پڑھانا ہے ، کیا پڑھانا کس زبان میں پڑھانا ہے، کس جماعت تک پڑھانا ہے ان معاملات میں حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کی فطری ذہانت تعلیمی میدان ان کے کسی کام کی نہیں اور ان کی پڑھائی ان کی تعلیم میں مکمل طور پر مخل ہے‘۔


OpenEdition vous propose de citer ce billet de la manière suivante :
Shahzaman Haque (10 avril 2023). یاسین کی صورتحال: خالی جگہیں خالی کرو. Urduturnon. Consulté le 10 septembre 2024 à l’adresse https://doi.org/10.58079/v3k2


Laisser un commentaire

Votre adresse e-mail ne sera pas publiée. Les champs obligatoires sont indiqués avec *

Ce site utilise Akismet pour réduire les indésirables. En savoir plus sur comment les données de vos commentaires sont utilisées.