شغال

شغال

 

 

شاہ زماں حق

 

 

دلّی کی شدید گرمی میں دوپہر تین بجے میں ایک بس سٹاپ پر کھڑا ۵۰۷ نمبر بس کا انتظار کر رہا تھا۔ بُشیٹ پسینے سے شرابور تھی ۔ بس آنے میں  ابھی کافی وقت تھا اس لیے میں نے ریڑھی والے سے ایک مالبورو لے کر سگریٹ کا کَش لگانے لگا۔ اچانک میرے سامنے میرے ہی فرنچ ادارے کا ایک لڑکا نمودار ہوا۔ اُس کا نام تو دیباشیش  تھا لیکن سبھی اُسے دیو کے نام سے پکارتے تھے۔ آتے ہی اُس نے پوچھا ، ’’فرانس جاؤگے ؟‘‘

میں تھوڑا حیران ہوا۔ دیو سے میری دوستی تھی نہ  شناسائی ۔ وہ مجھے فرانس لے جانے کی پیشکش کیوں کر رہا ہے ؟ ’’کیا مطلب؟‘‘ ، میں نے ایک لمبا کش کھینچ کر سنجیدگی سے پوچھا ۔ ’’فرانس جانے کے لیے ایک وظیفہ ہے، ہم دونوں ساتھ چل سکتے ہیں، تُو مجھے بتا دے، میں تیرا نام بھر دوں گا‘‘۔

ہاں ٹھیک ہے‘‘،  میں نے  چہرے پر خفیف سی مصنوعی مسکراہٹ لاکر جواب دیا۔ مُجھے معلوم تھا کہ  اس’’

طرح کے سیکڑوں وظیفے ہیں لیکن اُن کا ملنا ناممکن ہے۔

 

میرا اندازہ غلط ثابت ہوا۔ دو مہینے بعد مجھے پیجر سے دیو کا پیغام موصول ہوا کہ وظیفہ مل گیا ہے، اب  ہوائی جہاز کی ٹکٹ کی رقم کا انتظام کرنا میری اصل ذمّہ داری ہے۔

ایک مہینے بعد دِلّی سے ایک فلائٹ نے ہمیں فرانس کے ایک جنوب شہر میں اُتار دیا۔ وہاں سے  ہم نے بَس کا سفر کیا اور ایک چھوٹے سے شہر میں آگئے جہاں کی ایک بڑی جامعہ میں ہمارا داخلہ ہوا تھا ۔

فرانس پہنچ کر مجھے معلُوم ہوا کہ مجھے دیو نے  وظیفے کی پیشکش کیوں تھی۔ بقول اُس کے  میری دسترس فرانسیسی  بولنے میں اُس سے کہیں زیادہ بہتر تھی تو ہر جگہ جہاں فرانسیسی بولنے کی ضرورت پڑتی وہ مجھے آگے کر دیتا۔

دیو کے مزاج سے میں واقف نہیں تھا۔ دِلّی میں اُس سے رسماً ہائے ہیلو کے علاوہ کبھی طویل بات چیت نہیں ہوئی تھی۔ مجھے اتنا معلوم تھا کہ وہ فوج  میں تین سال بھرتی رہا اور  کسی وجہ سے وہ فوج کی نوکری چھوڑکر بینک میں کام کرنے لگا ۔ بینک کی بھی مُلازمت نہ جانے اُسے راس کیوں نہ آئی اور پھر وہ فرانس جانے کے لیے بے قابو ہو گیا ۔ بات چیت میں وہ مسکراتا اور سوچتا زیادہ تھا۔ اُس کے منھ سے فقرے کم ہی نکلتے تھے اور اُس کی بڑی بڑی کنچے نُما آنکھیں لِشکتی اور کسی شئے کو گھُورنے میں مشغول رہتیں۔  سَر پر بال ندارد  ۔  چہرے پر ایک غیر معمولی  اور پراسرار دمک  تھی جس کی وجہ سے فرانسیسی  اُس کی طرف کھنچے چلے آتے تھے۔

ایک دن اُس نے مجھ سے کہا کہ فرانس کی زندگی کچھ زیادہ ہی پُرسُکُون ہے۔ یہاں کوئی پھڈّے وغیرہ نہیں ہوتے۔ دِلّی میں تو پل پل میں لوگ خفا ہو جاتے  ہیں اور ایک دوسروں پر بلا وجہ گالیوں کی بوچھار کرنے سے باز نہیں آتے۔ یہاں کی پُر امن زندگی سے وہ اُکتا رہا تھا۔

رفتہ رفتہ اُس کی سوچ میں اہر من کا  غلبہ ہونے لگا۔ وہ راتوں میں اُن مے خانوں میں جاتا جہاں سماج کا ایک غریب و وسطی  طبقہ شراب نوشی کے درمیان ژاژ خائی میں مبتلا ہوکر آپس میں تکرار کرتے۔ اُسے اِس تکرار کے نظارے سے تسکین ملتی۔ اُس نے مجھ سے کہا کہ اگر وہ  فرانسیسی کے بجائے عربی سیکھتا تو زیادہ فائدے میں رہتا۔  عربی بولنے والے جلا وطنی مزدوروں میں عروج پر جانے کی تَمَنّا ہے، وہ محنت کش ہیں اور رات میں شراب کے سیراب میں اپنی کمزوری بیان کرتے ہیں۔ اُن کا اِستحصال اپنی مفاد کے لیے آسانی سے ہو سکتا تھا۔

دھیرے دھیرے اُس کے ساتھ رہ کر مجھے یہ معلوم ہوا کہ وہ لومڑی سے بھی زیادہ شاطر تھا۔ وہ اپنی ساری چالاکی دوسروں کو بیوقوف بنانے  میں استعمال کرتا۔  دیو کی کشش فرنچ لوگوں کے تئیں اُس کا بیرونی نژاد تھا ۔ لوگ اُس کی طرف ایک  بیرونی ثقافت، زبان اور  ہم عصر خیالات کو سُننے کے لیے بے تاب رہتے ۔ دیو نے  اپنی اِس کشش کا ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کر دیا۔ اِس بات کو اُس کے بہت سارے رفیقوں نے بھانپ لیا – دیو کی باتیں کوّے کے ٹھونگے کے طرح چُبھتیں۔  انہوں نے سوچا کہ دیو سے کنارہ کشی میں اُن کی بھلائی ہے ورنہ اُن کے سارے اثاثے ہضم کر لینے میں وہ گریز نہ کریگا ۔

پھر بھی اللہ کی  نرالی دنیا میں معصوم لوگوں کی کمی کہاں ہے ۔ کئی لوگ اُس کے جھانسے میں آئے۔ دیو کی یہ کوشش رہتی کہ زیادہ  سے زیادہ اُن کے مال یا اُن کی ذرہ  ذرہ سی شئے کو بہت ہی شاطرانہ انداز میں ہتھیا لے۔ جب اُس کا مقصد پورا ہو جاتا تب ایک دلکش شیطانی مسکراہٹ اُس کے لبوں پر نمودار ہوتی  گویا اُس کے دماغ سے ڈوپامین خارج ہو رہا ہو۔

ایک دن اُس کی دوستی ایک پاکستانی نژاد شخص رُستَم سے ہوئی جو ایک ریستوران میں برتن دھوتا تھا۔  رُستم کو شراب کا بہت شوق تھا۔ دیو نے اُسے شراب اور بیئر کی دعوت کے عوض میں یہ مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مالک کے ریستوران کے رسوئی خانے سے روز کچھ نا کچھ کھانے پینے کی اشیا چوری کر کے اُسے دیتا رہے۔ ایسے میں اُس کے مالک کواُس پر شک بھی نہ ہوگا۔   رُستم روز  عمدہ فرانسیسی پنیر، انڈے ، مَکھّن وغیرہ کم مقدار میں چوری کرتا ۔ دیو اُسے شراب پلا پلا کر پلا پلا کر ریشۂ خطمی کر دیتا تھا ۔ یہ سلسلہ  کچھ کچھ ہفتے چلا ہی ہوگا کہ ریستوران کے مالک کو شک ہو گیا اور اُس نے رُستم کو نوکری سے کافی ذلیل کر کے باہر نکال دیا ۔ دیو کو اِس بات کا ذرا سا بھی ملال نہ ہوا۔ اُلٹا اُس نے  رُستم کی بیوقوفی کا مذاق اُڑایا کہ اُس نے چوری کرتے وقت احتیاط کیوں نہیں برتی۔

دیو کو اب نئے مرغے کی تلاش تھی۔ اُس کی  آرزو تھی کہ  شہر کا ہر فرد اُسے کچھ نہ کچھ دیتا رہے۔

ایک دن میری ملاقات ژوئیل سے ہوئی ۔ ژوئیل ایک فرانسیسی  طالب علم تھا جو ہمارے اور دیو کا ہم جماعت تھا۔ ژوئیل شوقیہ شہر کی گلیوں میں وائلن بجاتا تھا لیکن وہ اتنا امیر تھا کہ سر سے لے کر پاؤں تک اُس کی ہر شئے سے دولت نمیاں ہوتی تھی۔ کچھ دنوں سے وہ مجھے پژمردہ نظر آنے لگا۔ میں نے غور کیا تھا کہ ژوئیل کی دوستی دیو سے کافی لمبے عرصے تک رہی تھی اور اچانک وہ دونوں ایک ساتھ نہیں دِکھ رہے تھے۔ میرے دریافت کرنے پر ژوئیل نے بتایا کہ دیو ایک شغال ہے۔ میری آنکھیں پھٹی  کی پھٹی رہ گئیں۔  یہ بات سبھی کو معلوم تھی کی دیو اور  میں ایک زمانے میں ایک ہی رہائش گاہ میں رہتے تھے۔ ژوئیل  کے اس بات سے میرے کردار  پر بھی ایک چھینٹا پڑا۔

خیر جب میں نے ژوئیل سے پوچھا کہ آخر دیو نے ایسا کیا کیا تب  اُس نے پوری کہانی تفصیل سے بتائی ۔ دیو نے شروع شروع میں خوب تحفے تحائف سے ژوئیل کو  اپنی طرف راغب کیاتھا۔ دراصل ژوئیل کا  ایک  شاندار فلیٹ تھا جہاں وہ اکیلا رہتا تھا۔ فلیٹ کا کرایہ  اُس کا باپ دیتا تھا ۔ دیو نے سوچا کہ کیوں نہ وہ دوستی کے بہانے اُس کے یہاں  مفت میں رہنا شروع کر دے۔  ژوئیل اُس کی  چِکنی  چُپڑی باتوں میں آگیا۔ دیو کو  رہنے کی اجازت مل گئی اور یہ بات طے پائی کہ جب تک اُس کو نئی نوکری نہیں ملتی وہ کرایہ نہیں دیگا لیکن خانہ داری میں اُس کا برابر کا حِصّہ رہے گا۔

دیو ہر دو چار روز پر ایک لڑکے کو کھانے پر لے کرآتا اور اُس سے کھانے کی رقم جو ریستوران کی آدھی ہوتی وہ پہلے ایڈوانس میں لے لیتا ۔ یہ بات  ژوئیل کو  معلوم نہیں تھی  جس کا انکشاف بہت بعد میں ہوا۔ بقول ژوئیل دیو کے دوست  یہ سمجھتے تھے کہ اُسے  یہ بات  معلوم ہے اور اس رقم کو وہ دیو کے ساتھ بانٹ لیتا ہے۔    ژوئیل کا یہ بھی معمول تھا کہ ہر ہفتے  جمعے کی رات   وہ اپنے والدین کے گھر دو روز رہنے کے لیے کوچ کر جاتا تھا۔ دیو نے جمعے اور ہفتے کی رات کرایہ   پر لگانا شروع  کر دی۔ وہ ریل سے ملحق بس سٹیشن پر   چلا جاتا اور وہاں اپنے نئے گاہک تلاش کرتا۔  ژوئیل کے ایک فرنچ پڑوس  نے اُس سے شکایت  کی کہ  اُس کا فلیٹ کوئی ہوٹل نہیں ہے اور  تقریباً ہر ہفتے  نئے لوگوں کو اپنے یہاں قیام کرانا غیر قانونی ہے۔ ژوئیل  نے اِن ساری باتوں کو لے کر خوب چیخم چاخ مچائی اور دیو پر کافی برسا۔  دیو اپنی دفاع میں کچھ نہ کہہ سکا ۔ ژوئیل نے اُسے اُسی دن اپنے  فلیٹ سے باہر نکال دیا۔

دیو  پہلے ہی سے بھانپ چُکا تھا کہ ژوئیل کے ہاں کبھی بھی اُس کی گَردَن پر تلوار گر سکتی ہے۔ اُس نے ایک ماہ قبل سے ہی ایک منگولین نژاد خاتون خُلان پر نظریں جما رکھی تھیں ۔ خُلان کی عمر قریباً دیو کے برابر ہوگی ۔ اُس نے خُلان سے اپنی محبت کا اظہار  اپنے ہم وطن بنگلہ شاعر بہاری لال چکرابرتی کی پیار بھری نظموں سے کیا ۔ پھر اُسے شاہ رخ خان کی فلم دیوداس کی پائیریٹید کاپی اپنے کمپیوٹر پر دکھلائی۔ خُلان دیو کے جھانسے میں مُکَمّل طرح سے پھنس چُکی تھی۔ جب دیو کو ژوئیل نے اپنے فلیٹ سے باہر نکالا تب وہ  سیدھا خُلان  کے ہی  فلیٹ پر آ دھمکا تھا۔

اتفاقاً ایک دن میری ملاقات صبح کے وقت خُلان سے شہر کے ایک پارک میں ہو گئی۔ وہ مجھے دیکھ کر ٹھٹھک گئی۔ ژوئیل کی طرح اُسے بھی معلوم تھا کہ میں دیو کا بہت اچھا ساتھی رہ چُکا ہوں۔ اُس کا مُتوّحش چہرہ دیکھ کر میں نے  پوچھا کہ کیا وہ خیریت سے ہے۔

کچھ لمحے کے بعد جب میں نے اُسے بتایا کہ دیو سے میرا تعلق ایک سال پہلے ختم ہو چکا ہے تب اُس نے  بڑی افسردگی سے اپنی داستان  سُنائی۔ خُلان نے کہا کہ دیو ظالم، ناہنجار، سنگ دل، غنیم اور فِتنہ پرداز ہے۔ یہ بات اُس نے ایک ہی سانس میں کہہ ڈالی۔

دیو نے تو میرا سب کچھ لوٹ لیا۔ ہمارے تو ناک نقشے میں ایسا عیب ہے کہ سوائے منگولیہ کے  کہیں کا’’

بھی مرد  ہمیں دیکھنے کا شوق نہیں رکھتا ۔ دیو کی آنکھوں میں میں نے اپنے لیے تڑپ دیکھی، نا جانے وہ مجھ پر کیوں لَٹّو ہو گیا، پر مجھے کیا معلوم تھا کہ وہ ایسا درندہ نکلے گا کہ مجھے پُرانے پیتابوں کی مانند پھینک دے گا ۔ دیو کا میں نے پورا خرچہ چار مہینے تک اُٹھایا ، اپنے گھر میں بوڑھی ماں کو ماہانہ خرچہ نہ بھیج سکی۔ لیکن جب میں نے اُسے اپنے حمل کی خبر  سُنائی تو وہ اگلے روز سے رفو چکرہو چُکا تھا ۔اُس نے مجھے آدھی ماں بنا کر چھوڑ دیا۔ میرا بس چلے تو میں اپنے کھوئے ہوئے بچے کا قصاص لوں‘‘۔

خُلان  کی باتیں سُن کر میرا چہرہ فق ہو گیا۔ میرے پاس کوئی معقول الفاظ نہیں تھے کہ میں اُسے دلاسہ دے سکُوں۔  پھر بھی میں نے اظہار تاسف کیا اور کہا کہ اگر کسی چیز کی مدد ہو تو میں حاضر ہوں۔

اس واقعے کے بعد دیو میرے راڈار سے بالکل غائب ہو گیا۔ مجھے کہیں سے بھی اُس کی اصلاً خبر نہیں ملی۔ ایسے لوگوں کی خاصیت یہ بھی ہوتی ہے کہ یہ اپنی چھاپ انٹرنیٹ پر بھی نہیں چھوڑتے۔ دیو کی زندگی کس طرح آگے بڑھی یہ اب معما ہے۔  نہ جانے اُس کے ذہن میں پل پل کون سے وسوسے جنم لے رہے ہیں اور کون اِن کا شکار ہو رہا ہے لیکن میں اُس کا ممنون ہوں کیوں کہ اُس نے اپنی فریب بازی سے مجھے محفوظ رکھا ۔

 

@Tous droits réservés


OpenEdition vous propose de citer ce billet de la manière suivante :
Shahzaman Haque (30 mars 2023). شغال. Urduturnon. Consulté le 4 octobre 2024 à l’adresse https://doi.org/10.58079/v3k1


Laisser un commentaire

Votre adresse e-mail ne sera pas publiée. Les champs obligatoires sont indiqués avec *

Ce site utilise Akismet pour réduire les indésirables. En savoir plus sur comment les données de vos commentaires sont utilisées.