فائو جی کیمرا
شاہ زماں حق
آج صبح جب میں کافی پینے کے لیے اپنے پڑوس کے قہوے خانے میں گیا تو ساتھ میں ایک فرانسیسی مزدور پوشاک شخص بھی کافی پی رہا تھا۔ قہوے خانے کا مالک جو الجزائر نژاد کا تھا بہت خوش نظر آرہا تھا۔ وہ دھیمی آواز میں اپنی مادری زبان امازیغی میں کچھ گُنگُنا رہا تھا ۔ جب میں نے اُس سے اُس کے اچھے موڈ کی وجہ دریافت کی تب اُس نے فخر یہ انداز میں ہمیں دو سی سی ٹی وی کی طرف جو بیچ چوراہے میں لگے تھے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ دو دن پہلے لگے ہیں اور یہ کوئی عام کیمرا نہیں ہے بلکہ یہ آپکی پوری شناخت کر لیتا ہے ۔میں کیا بتاؤں یہ آپکی پوری ہسٹری کھنگال دیگا ۔ مزے کی بات یہ بھی ہے کہ اس کیمرے کے ساتھ فائو جی کا اینٹینا بلکل ملحق لگایا گیا ہے۔ کیمرے میں انٹرنٹ کا سِگنل ہمیشہ چالو رہیگا‘‘۔
مزدور پوشاک شخص نے کہا کہ ”اچھا لیکن یہ مجھے پسند نہیں ہے کہ سرکار کو ہمارے ہر لمحے کی خبر خواہ مخواہ ہوتی رہے۔ یہ تو وہ ناول ہوگیا جو جارج اورویل نے لکھا تھا، کیا نام تھا اُس کا؟ “
میں نے کہا ”نائین ٹین ایٹی فور“۔
قہوے خانے کا مالک بھنّا گیا ۔ اُس نے کہا ”تمہیں کیا معلوم کہ یہاں کتنے خطرناک درندے اور مجرم رات دن چَکّر لگاتے رہتے ہیں۔ جب سے یہ کیمرا اس محلّے کی نگرانی کر رہا ہے میں بہت محفوظ محسوس کر رہا ہوں ۔ اب تو میرے ہاں جب بھی کوئی گاہک آتا ہے جس کے بدمعاش ہونے کا مجھے ذرا سا بھی شُبہ ہوتا ہے تو اس سے قبل کے وہ مجھے آرڈر دے میں اُسے اُس کیمرے کی طرف اشارہ کر دیتا ہوں‘‘ ۔
مزدور پھر بھی متفق نہ ہوا۔ اُس نے کہا یہ تو وہی بات ہو گئی جو کافکا نے لکھا تھا کہ کس طرح عام معصوم لوگوں کو سرکار مجرم بنا کر حراست میں لے لیتی ہے۔ ”کیا نام تھا اُس کتاب کا ؟ “
میں نے کہا ”د ٹرائل“۔
مزدور چہک اُٹھا۔ اُس نے کہا کہ شاید اُس پر جاپانی ناول “جب تک کافی گرم ہے“ کا اثر ہے کیونکہ کافی کی ہر گھونٹ کی چُسکی کے ساتھ وہ ماضی کے غوطے لگانے لگتا ہے۔
میں نے اُس سے پوچھا، ” کیا آپکو ادب میں دلچسپی ہے ؟ “۔ اُس نے کہا، ’’بس پڑھتا رہتا ہوں لیکن میں نے ساتویں جماعت میں درس گاہ چھوڑدی تھی کیونکہ پڑھنے سے اُکتا گیا تھا‘‘ ۔ پھر اُس نے کہا ”شکر ہے میں نے سکول جانا چھوڑ دیا ورنہ یہ سرکاری نصاب مجھے کچھ اور بنا دیتے“ ۔
OpenEdition vous propose de citer ce billet de la manière suivante :
Shahzaman Haque (15 mars 2023). فائو جی کیمرا. Urduturnon. Consulté le 4 octobre 2024 à l’adresse https://doi.org/10.58079/v3jz