لِفٹ کی سیر
۔ شاہ زماں حق
یہ تقریباً اُس زمانے کی بات ہوگی جب میری عمر دس بارہ سال کے قریب تھی ۔ گھر سے پانچ مِنٹ کے راستہ پر ایک بہت بڑا میدان تھا جہاں میں اکثر شام کے وقت محلّہ کے لڑکوں کے ساتھ کریکٹ کھیلنے جاتا تھا ۔
ایک روز جب ہم لوگ کھیل ختم ہونے کے بعد واپس آرہے تھے تبھی راستے میں ایک لڑکے نے خوشی سے چلّا کر ہم لوگوں کی طرف مخاطب ہوکر کہا، ”ارے یہاں دیکھو، ایک کمرہ اوپر جا رہا ہے“ ۔ یہ سنتے ہی مجھے بڑی حیرت ہوئ ۔ ہم سبھی لوگ اُس جانب بڑھے ۔ دراصل یہ ایک سنیما ہال کی عمارت تھی جس کے ایک حصّہ میں کچھ منزلوں میں مختلف دفتر مقیم تھے ۔ اِس حِصّے کا آستانہ علیحدہ تھا ۔فرط اشتیاق اندر گھستے ہی جو میں نے دیکھا اُسسے ہماری آنکھ پھٹی کی پھٹی اور منہ کھلے کے کھلے رہ گئے۔
یہ ایک کمرہ تو نہیں بلکہ وہاں ایک چھوٹا جوف دار خانہ نظر آیا جس میں لوگ داخل ہوتے اور اِس خانہ کی دوہری لوہے کا جنگلہ نما دروازہ بند ہوتے ہی خانہ اوپر کی طرف چلا جاتا ۔ میں بڑا حیران ہوا اور میں نے سوچا کہ یہ کیسے ممکن ہے۔ بعد میں میں نے جب سینئیر لڑکوں سے اِس حیرت انگیز خانہ کا ذکر کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ لِفٹ ہے ۔
پھر میری خواہش ہوئ کہ اِس لِفٹ کا سفر کیا جائے ۔ میرا اسکول، گھر اور اِس عمارت میں زیادہ فاصلہ نہیں تھا ۔ میں نے اپنے دو دوستوں کو تیّار کیا کہ وہ میرے ساتھ آئیں اور اِس جادو والے خانے میں تفریح کریں ۔
پنچ شنبہ کے روز اسکول سے واپسی کے دوران میں نے دونوں دوستوں کو اُکسایا کہ لِفٹ کا لُطف لیا جائے۔ اتفاق سے اُس وقت وہاں پر کوئ نہیں تھا۔
ہم تینوں لِفٹ کے اندر داخِل ہوئے ۔ لوہے کے پَٹ کو کھینچ کر بند کیا اور کسی ایک بَٹَن کو پُرجوش انداز میں دبا دیا۔ لفٹ اوپر کی طرف پروان کی لیکن کچھ ہی لمحوں میں ہولے سے بیچ راہ میں اٹک گئ۔ ہم تینوں کو کچھ سمجھ میں نہیں آیا اور ہم لوگوں نے سارے بٹنوں کو بےتحاشہ دبانا شروع کر دیا۔ میں اور میرے ایک دوست کا ڈر کے مارے اتنابرا حال تھا کہ ہم گرمِ فغان میں مبتلا ہو گئے ۔ ہمارے دوسرے دوست نے کچھ ہمّت دکھائ ۔
اُس نے زور زور سے ”بھیّا بھیّا“ چیغنا شروع کر دیا۔ وہ کہنے لگا، ”کوئ ہے ؟ ہماری مدد کرو“ ۔
اُسے دیکھکر میرے پہلے والے دوست نے رونا بند کیا۔ اپنی آنکھوں کو موندتے ہوۓ دونوں ہاتھوں کو جوڑا اور سنسکرت میں پوجا کرنا شروع کر دیا۔ میرے دل میں خیال آیا کہ کیوں نہ میں بھی ایک دو درود شریف کا مقالہ کر لوں۔ ہم دونوں بڑی شدّت سے اپنے اپنے آقاؤں کو یاد کرنے لگے ۔
اچانک کچھ دیر میں لفٹ حرکت میں آگئ۔ ہماری خوشی کی انتہا نہ رہی مانو کہ ہمیں سکونِ قلب محیّا ہو گئ ۔
مگر لفٹ کی رفتار خلافِ معمول بہت تیز تھی ۔ یہ کافی زور سے پہلے تو اوپر کی طرف گئ اور پھر دگنی رفتار سے نیچے کی طرف گئ ۔ مجھے ایسا لگا جیسے میں کسی جھولے پر سوار ہوں ۔ ہم تینوں لفٹ کے اس انوکھے سفر کا ہنس ہنس کر مزا لینے لگے۔ پھر لفٹ اپنی پوری رفتار سے سبسے آخری منزل میں آکر موقوف ہو گئ ۔
لفٹ کے باہر ایک آدمی خوب موٹا ڈنڈا لے کر کھڑا تھا، اُسکے ساتھ دو تین آدمی اور کھڑے تھے ۔ یہ سبھی ہمیں غصّہ سے گھور رہے تھے۔ جیسے ہی ہم لفٹ سے باہر نکلے، اُس ڈنڈے والے شخص نے ہم تینوں کو بہت ڈانٹ پلائ۔ پھر اُسنے ہم تینوں کے کانوں کو بڑے زور سے امیٹھا۔ ہم لوگوں نے کراہتے ہوئے وعدہ کیا کہ آئندہ سے اِس لفٹ میں ہرگز قدم نہ رکھیں گے۔
لفٹ کی فرحت بخش مختصر سیر کی قیمت کافی مہنگی پڑی۔ کانوں کی لالی اسکی چشمدید گواہ تھے۔
Lift ki Sair by Shahzaman HAQUE is licensed under aCreative Commons Attribution-NonCommercial-NoDerivatives 4.0 International License
OpenEdition vous propose de citer ce billet de la manière suivante :
Shahzaman Haque (18 février 2018). Lift ki sair (Le tour d’ascenseur). Urduturnon. Consulté le 4 octobre 2024 à l’adresse https://doi.org/10.58079/v3i1