پیرس میں”جوائے لینڈ” کی خوشی

ڈاکٹر محمد ریحان

اردو لکچرر، انالکو، پیرس

یَک شُنبہ، ۱۵ جنوری، ۲۰۲۳

صائم صادق کی ہدایت کاری میں بنی پاکستان کی فیچر فلم “جوائے لینڈ” کا پیرس، فرانس میں کافی چرچا ہو رہا تھا۔ ابھی یہ فلم یہاں کے سنیما گھروں میں لگی بھی نہیں تھی کہ پاکستانی نژاد کے لوگ اس پر خوب باتیں کر رہے تھے۔ اس فلم میں دلچسپی لینے کی وجہ یہ تھی کہ پاکستان میں اس کی نمائش پر پابندی کا تغلقی فرمان جاری ہو گیا تھا۔ تا دم تحریر ریاست پنجاب میں پابندی کا یہ تغلقی فرمان ہنوز برقرار ہے۔

 

 

پیرس کے بہت سے سنیما گھروں میں “جوائے لینڈ” کی نمائش ہو رہی تھی۔ فلم تقریباً دو گھنٹے کی تھی۔کرداروں کی گفتگو اردو اور پنجابی میں تھی۔ اس کے سب ٹائٹلز فرانسیسی میں دیے گئے تھے۔ کردار اردو بولتے ہوئے پنجابی اور پنجابی بولتے ہوئے اردو کب بولنا شروع کر دیتے پتا ہی نہ چلتا۔ پنجابی مکالمے میری سمجھ سے بالا تر تھے۔ میں انہیں فرانسیسی سب ٹائٹلز سے سمجھنے کی کوشش کرتا۔ کبھی کبھی ایسا ہوتا کہ ایک جملہ مکمل پڑھا بھی نہیں کہ دوسرا جملہ پردے پر ابھر آتا۔ کچھ مکالمے کوشش کے باوجود سمجھ میں نہیں آئے۔

میں جس قدر فلم کو سمجھ سکا اس کے مطابق فلم کی کہانی بس اتنی ہے کہ مشترکہ خاندانی نظام میں کیسے لوگ اپنی اپنی زندگی ایک نہ بیان کر سکنے والے جبر اور دباؤ میں گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ سب ساتھ رہتے ہوئے کوئی کسی کے ساتھ نہیں ہوتا۔ ہر کوئی ایک دوسرے کی خوشی پر چھری پھیر رہا ہے یا پھر وہ دوسرے کے جبر کے سامنے اپنی خواہش کو قربان کرنے پر مجبور اور بے بس ہے۔ بے بسی اور لاچارگی کی مثال فیاض (ثانیہ سعید) اور رانا امان اللہ ( سلمان پیر زادہ) کے تعلقات پیش کرتے ہیں۔ سماج کی روایتی سوچ کے آگے رانا امان اللہ جس طرح اپنا سر خم کر دیتا ہے وہ دیکھنے اور سمجھنے والا منظر ہے۔ انسان آج بھی اس سماج کی بندشوں سے آزاد نہیں ہوا ہے جہاں ہر چیز کے لیے پہلے سے اصول اور ضوابط متعین ہیں۔ اس فلم میں بس اسی کیفیت کو دکھایا گیا ہے کہ انسان کس طرح اپنے جذبات کو مار کر اپنی زندگی کی گاڑی کو گھسیٹ رہا ہے۔ اس میں اس کیفیت سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں بتایا گیا ہے۔ اتنا اشارہ موجود ہے کہ سماج کے اس بنے بنائے طریقے سے گریزاں ہوئے تو انجام اچھا نہ ہوگا اور یہ کہ وہ معاشرہ کسی بھی طور پر صحت مند نہیں ہو سکتا جہاں روز ہی کسی نہ کسی کو اپنی خواہشوں کی قربانی دینا پڑے۔ آپ فلم کی کہانی کا لب لباب اسی فلم کے ہی ایک مکالمے سے سمجھ سکتے ہیں۔ وہ مکالمہ اس طرح ہے: ۔

ایک مچھر کو مرغی سے پیار ہو گیا، اس نے اس مرغی کا بوسہ لیا، مرغی ڈینگو سے مر گئی، مچھر برڈ فلو سے کیونکہ محبت کا انجام موت ہوتا ہے

 

اس فلم کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس میں سارے اداکاروں نے بھرپور اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ علی جونیجو  نے حیدر کے کردار کو نبھانے میں بڑی محنت کی ہے۔ اس کی خوفزدہ شخصیت بہت فطری طور پر سامنے آتی۔ وہ کتنا ڈرا اور سہما ہوا کردار ہے یہ فلم کے آغاز سے واضح ہونے لگتا ہے۔ لیکن چونکہ میں نے شروع سے ہی اس کی شکل میں ہندوستانی اداکار نواز الدین صدیقی کو دیکھنے لگا تو مجھے ایک دو جگہ پر اس کی ایکٹنگ پھیکی نظر آئی۔ ثروت گیلانی جو فلم میں سلیم کی بیوی ہے، اس کو ایک دو بار سگریٹ کا کش لیتے دکھایا گیا ہے جو میری نظر میں غیر فطری اور غیر ضروری ہے۔ اس کے بغیر بھی اس کا کردار اثر انگیز ہو سکتا تھا۔ بیٹے کی للک میں چار بیٹیوں کی پیدائش اس کے کردار کو اہم بنا دیتا ہے۔ اس فلم میں سب سے زیادہ متاثر علینہ خان یعنی بیبا اپنی بولڈ اداکاری سے کرتی ہے۔ حیدر (علی جونیجو) اپنے پورے پریوار کے ساتھ اتنا دیرپا تأثر قائم نہیں کرتا جتنا بیبا (علینہ خان) تن تنہا کرتی ہے۔ اس کی ہیجڑے والی اداکاری میں فطری پن اس لیے بھی ہے کہ وہ اصل زندگی میں بھی ایک زنخا ہی ہے۔ لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ بڑے پردے پر وہ پہلی مرتبہ آئی ہے۔ اس کے کردار سے خواجہ سرا کی زندگی پر بھی روشنی پڑتی ہے۔ ہم اس کے ذریعے یہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ سماج میں اس طبقہ کے کیا مسائل ہیں اور اس کے اپنے احساس و جذبات کیا ہیں اور کیسے ہیں۔

بہر کیف! اس فلم میں سبھی نے سماجی اور معاشرتی جبر کی میلی اور گندی چادر اوڑھ رکھی ہے۔ اس میں ان کا دم گھٹ رہا ہے لیکن وہ چادر اتار بھی نہیں سکتے۔ کیونکہ وہ چادر سب سے بڑے ولن سماج نے ڈالی ہے۔ ہاں! سماج ہی اس فلم کا سب سے بڑا ولن ہے۔ ممتاز (راستی فاروقی) کی موت فلم کا نقطۂ اختتام ہے اور اس نے بھی فطری اداکاری کی انتہا ہی کردی۔ فلم میں اس کا رویہ بہت مثبت ہے۔ وہ پریشانی میں آسانی تلاش کرنا جانتی ہے اور گھر گھرستی کو چلانے میں اپنا پورا پورا تعاون دیتی ہے۔ اس کی موت پر ایک طرح سے فلم ختم ہو جاتی ہے لیکن ناظرین کے دماغ میں بہت سے سوالات پیدا ہو جاتے ہیں۔ ممتاز کی موت یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ روایت کی پاسداری زیادہ اہم ہے یا اپنی خواہشوں کے جانور کو بے لگام چھوڑ دینا زیادہ ضروری ہے۔ کیا اس کی موت کی وجہ حیدر نہیں ہے جو اپنی ضرورت کے پیچھے بھاگ رہا ہے؟

یہ ایک کامیاب اور اچھی فلم ہے۔ ہر جگہ اس کی پذیرائی ہو رہی ہے۔ یہ پاکستان کی پہلی فلم ہے جسے فلموں کے سب سے بڑے ایوارڈ  آسکر کے لیے فیچر فلم کے زمرے میں نامزد کر لیا گیا ہے۔ اس نے اب تک کئی انعامات اپنے نام کر لیے ہیں۔ آگے بھی اس کی جھولی میں مزید انعامات کے آنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔


Laisser un commentaire

Votre adresse e-mail ne sera pas publiée.

Ce site utilise Akismet pour réduire les indésirables. En savoir plus sur comment les données de vos commentaires sont utilisées.