عندلیبان اردو انالکو

فرحان احمد، انالکو، فرانس

۸-۵-۲۰۲۰

اشک باراں چلو دل فغاراں چلو

سال ہونے کو ہے گھر کو یاراں چلو

 

تم نے سیکھا ہے ادبی سخن دوستوں

تم سے وابستہ ہے علم و فن دوستوں

تم میں ہے ولولہ شعلہ زن دوستوں

خواب آنکھوں میں ہے موجزن دوستوں

علم کی مشعلوں کو جلاتے چلو

جہل کی ظلمتوں کو مٹاتے چلو

 

تم کو بخشا ہے اس انجمن نے ضیاء‎

جس سے معمور ہے تیرے دل کا دیا

تیری سوچوں میں پرواز ہے اب نئی

تیری باتیں بھی لگتی ہیں اب منطقی

سوچ میں روز جدّت بڑھاتے چلو

نت نئے تجربے آزماتے چلو

 

شاہ زماں حق سے یاں علم ہے نور ہے

جہد سے اسکی گلشن یہ معمور ہے

سر پرستی میں اسکی جو آیا کوئی

بن کے گوہر زمانے میں چھایا وہی

ربط اس سے سنو تم بناتے چلو

اسکی یادوں کو دل سے لگاتے چلو

 

میڈم فرزانہ  ہیں علم کی اک لڑی

ان میں ٹیچر کی سب خوبیاں ہیں بھری

گر کوئی بات کرتا ہے کھو جاتا ہے

بات میں انکی جیسے ہو جادوگری

کچھ ہنر اپنے فن کا دکھاتے چلو

سحرکاری سے دل کو لبھاتے چلو

 

کتنی شیریں ہے منہال کی گفتگو

جیسے بلبل کی آواز ہو کو بہ کو

راگنی سے بھری چاشنی میں ڈوبی

بات کرنے کی خواہاں بہت منچلی

جاتے جاتے ہی کچھ تو سناتے چلو

بات سے اپنی سب کو رلاتے چلو

 

اس قدر پیار سارہ کو اردو سے ہے

جس قدر پیار بچّوں کو جگنو سے ہے

جب کبھی اس سے ملنے کو تم جاؤگے

کام میں ہر گھڑی منہمک پا‎ؤگے

راہ نو حوصلوں سے بناتے چلو

مشکلوں میں بھی ہنستے ہنساتے چلو

 

اور ساحر ہے بس اپنی دھن میں مگن

شمع مہر و وفا اس سے ہے ضو فگن

اس میں آتا ہے غالب کا پر تو نظر

درد دل میں لیے گھومتا در بدر

فاصلے آؤ دل کے مٹاتے چلو

شمع الفت سے دل جگمگاتے چلو

 

جبکہ سیّد کو تو وقت کا پاس ہے

ہو نہ ضائع یونہی اسکا احساس ہے

دوستی میں ہے اسکی خلوص وفا

چال شائستہ آنکھوں میں دکھتی حیاء‎

جوڑ کر وقت صدیاں بناتے چلو

بوند سے بوند ندیاں بناتے چلو

 

سادگی کتنی ریمی کی مشہور ہے

جب دیکھو وجیہہ کو مسرور ہے

صابرہ نام اسکو جو گھر سے ملا

صبر کو اس نےخوش ہو کے اپنا لیا

جو بھی سیکھا ہے آگے سکھاتے چلو

علم کے اس مشن کو بڑھاتے چلو

 

ہے یہ فرحان کی کوششوں کا صلہ

جو یہاں دیکھنے کو ملا معجزہ

رقص اردو ہے ہر سو بپا دوستو

میر غالب کی حمدو ثناء دوستو

بزم شعروسخن میں نہاتے چلو

جھوم کر تم بھی کچھ شعر گاتے چلو


Laisser un commentaire

Votre adresse e-mail ne sera pas publiée.

Ce site utilise Akismet pour réduire les indésirables. En savoir plus sur comment les données de vos commentaires sont utilisées.