Ikhtiyar (L’autorité)

اختیار

 

محمد ریحان
جامعہ ملیہ اسلامیہ



۳-۵-۲۰۲۰

سلیم خان کی بیوی عزہ خانم اپنے گھر کے آنگن میں بیٹھی سسک سسک کر رو رہی تھی۔ وہ شاید بہت دیر سے رو رہی تھی۔ آنسو کے قطرے سوکھ سوکھ کر اس کے گالوں پر جم گئے تھے۔ اس کے گورے گال پر بنی پانی کی آڑی ترچھی لکیریں صاف طور پر دکھائی دے رہی تھیں۔ پانی جہاں سے بہتا ہے وہاں تو وہ اپنے نشان چھوڑ ہی جاتا ہے۔ دریا کا چڑھا ہوا پانی جب اترتا ہے تو ریت پر پانی کے گزرنے کا راستہ بن جاتا ہے۔ آنسو کی سخت دھاراوں کو عزہ کے نرم و نازک رخسار نے کیسے برداشت کیا, یہ تو عزہ ہی بتا سکتی تھی۔ آنسو صرف پانی تو نہیں ہوتا کہ زمین پر بہہ گیا۔ آنسوؤں کے ساتھ احساس و جذبات بھی بہتے ہیں۔ ہزاروں احساس و جذبات کا پہلے خون ہوتا ہے تب آنکھ سے آنسو کا ایک قطرہ ٹپکتا ہے۔۔

کیا آج بھی عزہ کے شوہر نے اس کے ساتھ مار پیٹ کی تھی؟ عزہ کا شوہر تو چھوٹی چھوٹی باتوں پر اسے مارتا تھا لیکن وہ روتی نہیں تھی۔ شروع شروع میں وہ ایک دو بار روئی تھی لیکن شوہر کے ہاتھوں پٹنا جب اس کا معمول بن گیا تو اس نے رونا بھی چھوڑ دیا۔ عورت کا سب سے بڑا ہتھیار اس کا آنسو ہی ہوتا ہے۔

عورت جب مرد کو زیر کرنا چاہتی ہے تو وہ رو نے لگتی ہے۔ آنسو کا ایک قطرہ بڑے سے بڑے جابر مرد کو موم بنا دیتا ہے۔ لیکن عزہ کے شوہر پر اس کے آنسوؤں کا کوئی اثر نہیں ہوتا تھا۔ وہ جتنا روتی یہ اتنا اسے مارتا۔ عزہ کو جب یہ احساس ہو گیا کہ اس کے بےحس شوہر کے نزدیک اس کے آنسوؤں کی کوئی قدر نہیں تو اس نے بھی آنسو بہانا چھوڑ دیا۔ وہ دھیرے دھیرے سخت جان ہوتی چلی گئی۔ عورت کے آنسوؤں کی قدر نہ ہو تو اس کا پتھر دل ہونا یقینی ہے۔

آج ایک زمانے کے بعد عزہ پھر رو رہی تھی۔۔۔گھر کے آنگن میں اپنے پرکشش چہرے کو اپنے نازک ہاتھوں سے پکڑے ایک چٹائی پر بیٹھی بلک بلک کر اس معصوم بچی کی طرح رو رہی تھی جس کا کوئی کھلونا ٹوٹ گیا ہو۔ کبھی کھبی وہ بالکل خاموش ہو جاتی اور اتنی خاموش ہوتی کے جیسے اس کی آنکھوں کے سامنے کوئی بہت بڑا حادثہ رونما ہو گیا ہو۔ بیچ بیچ میں اسے ایسی ہچکیاں اٹھتیں کہ مانو دم ہی نکل جائے۔ اس کی سسکیوں اور ہچکیوں کے درمیان اس کے دروازے پر دستک کی آواز  آئی لیکن عزہ بدستور بیٹھی سسکتی رہی۔ دروازے پر اس کی پڑوسن حلیمہ تھی۔ اسے جب اندر سے کوئی جواب نہیں ملا تو وہ عزہ عزہ پکارتی ہوئی اندر چلی آئی۔ اسے اجازت لینے کی ضرورت بھی نہیں تھی۔ وہ اس کی پڑوسن تھی اور عزہ کے یہاں اکثر اس کا آنا جانا لگا ہی رہتا تھا۔

عزہ کا گھر تین کمرے پر مشتمل تھا۔ ایک چھوٹا سا آنگن بھی تھا جو گھر کے مین دروازے سے لگا ہوا تھا۔ آنگن کے بائیں طرف تین کمروں کا سلسلہ تھا۔ ایک کونے پر کچن اور دوسرے کونے پر باتھ روم بنا ہوا تھا۔ دروازے کے دائیں جانب آنگن کا ایک چھوٹا سا حصہ خالی تھا۔ عزہ وہیں کچی دیوار سے اپنی پیٹھ ٹکائے بیٹھی تھی۔ اس کے بال بے ترتیبی سے اس کے کندھوں پر بکھرے ہوئے تھے۔۔آنکھیں رو رو کر اتنی سرخ ہو گئی تھیں کہ مانو کوئلہ دہک رہا ہو۔ چہرہ پیلا ہو گیا تھا۔ شاید چہرے کا سارا خون اس کی آنکھوں میں ہجرت کر گیا تھا۔ حلیمہ نے دیکھتے ہی سمجھ لیا کہ وہ اداس بیٹھی ہے۔ وہ لپک کر اس‌ کے پاس گئی۔ اس کو اداس دیکھ کر اس سے اس کی کیفیت دریافت کرنے لگی۔ اس‌‌ نے حیرت اور درد کے ملے جلے انداز میں پوچھا: “عزہ تو اتنا اداس کاہے بیٹھی ہے؟ کا ہوا ہے کہ تورا منہ اتنا لٹکا ہوا لگ رہا ہے؟ ہم سے نہ چھپاؤ کچھو ہم تورے ماں کی طرح ہیں۔”

حلیمہ پر تو نظر پڑتے ہی عزہ کی آنکھیں ڈبڈبا گئی تھیں۔ اس کے ہمدردانہ لہجے نے اس کی آنکھوں کے سمندر میں طوفان پیدا کر دیا۔ وہ اب زارو قطار رو رہی تھی۔ اس کے گالوں پر بنے سوکھے سوتے میں پھر سے پانی رواں ہو گیا تھا۔ حلیمہ نے عزہ کے چہرے کو اپنی گود میں رکھ کر اسے چپ کرانے کی کوشش کرنے لگی۔ لیکن عزہ کے آنسوؤں کا تار تھا کہ ٹوٹنے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ حلیمہ اسے چپ بھی کرا رہی تھی اور ساتھ ہی ساتھ اس کے رونے کی وجہ بھی پوچھ رہی تھی۔ حلیمہ اصرار کرتی رہی اور عزہ اس کی گود میں سر رکھے ایک معصوم بچی کی طرح روتی رہی۔

روتے روتے عزہ اتنی ہلکی ہوگئی کہ اسے حلیمہ کی گود میں کب نیند آگئی پتہ ہی نہیں چلا۔ حلیمہ بھی جوں کی توں بیٹھی رہی اور اسے سونے دیا۔ پندرہ بیس منٹ کا وقفہ گزرا تھا کہ عزہ ایسے ہڑبڑا کر اٹھی کہ جیسے اس نے کوئی ڈراونا خواب دیکھ لیا ہو۔ ہاں اس نے خواب ہی دیکھا تھا۔۔۔ایک خوفناک خواب۔ اسے کیا پتہ تھا کہ آنکھ لگتے ہی زندگی کی حقیقت خواب کی صورت میں اس کا پیچھا کرے گی۔ کیا تھی عزہ کی زندگی کی حقیقت؟؟؟ وہ کیوں بھاگ رہی تھی اپنی زندگی کی سچائی سے؟؟؟ کیا انسان خواب میں بھی وہی کچھ دیکھتا اور سنتا ہے جو وہ جاگتے ہوئے میں دیکھتا اور سنتا ہے۔۔؟؟ اگر ایسا ہے تو پھر انسان خواب کیوں دیکھتا ہے۔؟؟؟؟ خوابوں کی دنیا تو الگ ہوتی ہے۔

“حلیمہ چاچی، پرویز کے ابو کسی عورت سے شادی کرکے آئے ہیں اور مجھے اپنے میکے چلے جانے
کو کہتے ہیں۔۔”

عزہ نے آنکھ کھلتے ہی ایک سانس میں یہ پوری بات کہہ ڈالی۔ اس کو لگا کہ جتنی جلدی وہ اپنا مسئلہ بتائے گی اتنی جلدی حلیمہ بھی اس کا کوئی حل ڈھونڈ نکالے گی۔

حلیمہ، عزہ کی بات سن کر ایسے خاموش ہو گئی جیسے اسے سانپ سونگھ گیا ہو۔ حلیمہ عزہ سے کچھ نہ کہہ سکی تو اس نے خود سے ہی ایک سوال کیا۔
“لیکن سلیم دوسری شادی کاہے کیا ہے؟”

حلیمہ کے اس سوال میں در اصل یہ بات پوشیدہ تھی کہ عزہ کے ہوتے ہوئے دوسری شادی کی کوئی معقول وجہ نہیں بنتی۔ عزہ ابھی بھی مکمل جوان تھی۔ اس نے دو بچوں کو جنا تھا اور اپنی چھاتی کا دودھ بھی پلایا تھا لیکن اس کا جسم ڈھیلا نہیں ہوا تھا۔ بدن کا ہر حصہ ایسے تنا ہوا تھا جیسے وہ ابھی جوان ہو رہی ہو۔ اس کے نین نقش کے چرچے آج بھی ہوتے ہیں۔ اس کی چوڑی پیشانی پر دو بڑی بڑی آنکھیں بہت پر کشش لگتی تھیں۔ نہانے کے بعد جب وہ اپنے گورے چہرے پر بال کھول دیتی تو ایسے لگتا جیسے اندھیرے میں چاند نکل آیا ہو۔ اچھے قد کاٹھ کی تھی۔ مناسب جگہ پر مناسب گوشت ہونے سے ہر کپڑا اس کے بدن پر کھلتا تھا۔ اس کے بدن کا ڈھانچہ اس کے کپڑے میں ایسے اتر جاتا جیسے وہ کوئی چلتی پھرتی مورت ہو۔ تعلیم کے زیور سے بھی آراستہ تھی۔ اپنے بچوں کے ٹیوشن کے لیے کوئی ماسٹر نہیں رکھا تھا۔ گھر کے کام سے فارغ ہو کر اپنے بچوں کو خود ہی پڑھاتی تھی۔ اس کے پاس سب کچھ تھا اور اس کا سب کچھ سلیم کا ہی تھا، پھر سلیم نے دوسری شادی کیوں کر لی؟؟؟

حلیمہ ہر اس پہلو پر غور کرنے لگی، جس سے ایک مرد عورت سے الگ ہونا چاہتا ہے۔ اسے عزہ کی ذات میں ایسا کوئی ظاہری نقص نظر نہیں آیا کہ جس سے سلیم کے اس اقدام کی توضیح ہوتی یا اسے صحیح ٹھہرایا جاتا۔ حلیمہ جب سلیم کے دوسری شادی کرنے کی کوئی وجہ تلاش نہ کر سکی تو اس نے عزہ سے کہا:”اچھا سلیم کو آوے دے ہم اسے پوچھیں گے کہ او کاہے کیا ہے دوسری شادی” – حلیمہ عزہ کے ساتھ ہی بیٹھ گئی۔ وہ اس حالت میں اسے اکیلا چھوڑ کر نہیں جا سکتی تھی۔ وہ صرف اس کی پڑوسن نہیں تھی بلکہ ہر دکھ درد میں وہ اس کے ساتھ رہتی تھی۔ عزہ بھی اسے ماں سے کم اہمیت نہیں دیتی تھی۔ ان دونوں کی محبت دیکھ کر آس پاس کی عورتیں کہتیں کہ یہ دونوں پچھلے جنم میں ماں بیٹی رہی ہوں گی۔

انتظار کرتے کرتے کافی وقت گزر گیا۔ سلیم کی کوئی خبر نہیں تھی۔ سورج غروب ہونے والا تھا۔ مغرب میں شفق نمودار ہو چکی تھی۔ پرندے اپنے گھونسلوں کی طرف لوٹ رہے تھے۔ کچھ ہی دیر میں تاریکی کی حکمرانی ہونے والی تھی۔ عزہ کی زندگی میں اندھیرا پہلے ہی پیر پسار چکا تھا۔ اسے اپنا گھر چھوڑ کر میکے جانے کا حکم ہوا تھا۔

سورج ڈھلتے ہی عزہ کے دونوں بچے اسلم اور پرویز کھیل کود کر گھر آ گئے تھے۔ انہیں ماں کی یہ سخت ہدایت تھی کہ شام ہوتے ہی گھر آ جانا ہے۔ بچوں کو دیکھ کر عزہ ایک بار پھر رو پڑی تھی۔ آنسو ابھی اس کی آنکھوں سے جاری تھے کہ سلیم گھر میں داخل ہوا۔ آنگن میں حلیمہ کو موجود پاکر وہ سیدھا اپنے کمرے میں چلا گیا۔ حلیمہ اس کے پیچھے ہی سلیم سلیم کہتی کمرے میں داخل ہو گئی۔ اس نے تھوڑی گہری سانس لی اور متحیر کن لہجے میں پوچھا: “ارے سلیم ای ہم کا سن رہے ہیں، تو دوسری شادی کر لیا ہے؟؟؟؟”
“ہاں”

سلیم نے بڑی بے رخی سے جواب دیا۔ شاید وہ اس سوال کا جواب دینا نہیں چاہ رہا تھا۔

حلیمہ کے لیے سلیم کا یہ مختصر سا جواب ناکافی تھا۔ وہ اپنے سوال سے صرف اس بات کی تصدیق کرنا نہیں چاہ رہی تھی کہ اس نے شادی کی یا نہیں۔ عزہ کی ویران آنکھوں نے تو اس کی گواہی دے دی تھی۔ وہ در اصل اس کے اس غیر متوقع اور غیر ضروری عمل کی وضاحت بھی مانگ رہی تھی۔ حلیمہ کو جب لگا کہ وہ بنا پوچھے خود سے اپنی دوسری شادی کی وجہ نہیں بتائے گا تو اس نے دوسرا سوال بھی کیا۔ اس بار اس کا لہجہ تھوڑا سخت تھا: ” تہ تو دوسری شادی کاہے کیا ہے؟؟؟؟کیا ضرورت تھی اس کی؟؟؟”

“دوسری شادی کرنا میرا اختیار ہے”

سلیم نے لفظ “اختیار” پر اتنا زور دیا کہ حلیمہ سہم سی گئی۔ اس بوڑھی عورت کے بدن کا سارا خون سوکھ گیا۔ وہ دوبارہ کوئی سوال کرنے کی جرأت نہ کر سکی۔۔۔۔


9 réflexions sur « Ikhtiyar (L’autorité) »

  1. The way things and society has been presented in the story sounds nice…

    The art of articulation of the story made me feel bit exulansis….

  2. The history of fiction in India is very short, even the lowest student of literature knows that in urdu fiction came through English literature and such fiction made great strides in a short period of time. This sort story named ( EKHTEYAAR) is linked to that tradition . The language of this afsana is very smooth and fluent. expression and narration is excellent. Ending of this story is very explosive. Not only Halima but Readers are shocked to know the reason of second marriage. A nice piece of Urdu fiction and language as well, that is all I can say about your story. ❤❤❤

  3. میرے خیال میں یہ اردو تنقید کی نہایت گھسی پٹک, دقیانوسی اور غیر فطری بات ہے کہ ٰافسانے میں وعظ نہیں ہوتا ٰکیونکہ انسانی تخیل کو کسی بڑی ٹریجڈی سے متصادم کرکے اسے فکری چوراہے پر متذبذب چھوڑ دینا, در اصل انسان کو بحرانی کیفیت اور ڈپریشن سے دوچار کرنا ہے ۔غور کریں تو کفن, چوتھی کا جوڑا اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے تاہنوز ہٹ رہنے کی بنیادی وجہ ان افسانوں کا واعظانہ احساس ہے, پریم چند, منٹو یا عصمت نے گرچہ اپنے افسانوں میں مولویانہ تقریر نہیں کی ہے مگر انھوں نے اپنے افسانوں کو جس مقام پر ختم کیا ہے وہ تخیلی یا فکری وعظ کا شاہکار ہے۔اگر تخلیق میں یہ چابکدستی نہ ہو تو آدمی فن پارے کو پڑھ کر عجیب وغریب کیفیت میں مبتلا ہوجائےگا, وہ اپنے آپ سے پوچھے گا کہ ہنسیں, روئیں یا اگنور کریں ۔الغرض ریحان صاحب آپ کا یہ افسانہ اپنے فنی اوج کمال پر, اس کے لئے بے شمار مبارکبادیاں ۔ب

    ا

  4. بہت عمدہ افسانہ۔۔حقیقت کی بہترین پیشکش۔۔منظر کشی لاجواب جیسے کِسی فلم کی طرح سارے منظر آنکھوں کے سامنے چل رہے ہوں۔۔
    بہت مبارکباد۔آپ اس صنف میں بھی کمال رکھتے ہیں۔۔

  5. Rehan saheb!
    Zabardast mazmun hai, kya khub likha hai apne haqeeqat ko bade mukammal aur sada lafzon me bayan kiya hai apne!
    Salamat rahen!

    1. جناب امید ہے کہ میری یہ موشگافی گرانِ خاطر نہ گزرے گی ، افسانہ میں نے پڑھا، اس موضوع کو لے کر آپ کے دل میں جو درد ہے قابلِ ستائش ہے تاہم اتنا کہنے کی جسارت کروں گا کہ ایسے واعظانہ اور اصلاحی قسم کے موضوعات 30 کی دہائی میں ہی نمٹ چکے ہیں بلکہ اس سے بھی پہلے ڈپٹی نذیر احمد ایامیٰ اور فسانہِ مبتلا میں ان پر خاصی تمحیص کر چکے ہیں، اب جب تک اندازِ فکر یا اسلوب میں کوئی جدت نہ لائی جائے ایسی تحاریر کا لکھنا لایعنی ہے۔ فنی اعتبار سے افسانے میں فرسودگی بہت ہے، اسلوب میں بھی اور الفاظ کے چناؤ میں بھی۔ مثلاً گھسے پٹے اسمائے صفت کا بے دریغ استعمال ہے، عورت کا چہرہ ہے تو بار بار اس کے حسین ہونے کی یاددہانی ضروری سمجھی گئی ہے اسی طرح کہیں بدن کا ذکر ہے تو اس کا پرکشش ہونا بھی ضروری ہے اور اگر کوئی صلح صفائی کرنے والی بڑی بی آئی ہے تو ان کا سادہ لوح ہونا بھی ضروری ہے۔ اگر آپ نے اردو کے بہترین افسانوں اور عالمی ادب کا بغور مطالعہ فرمایا ہے تو ۔۔اس کی جھلک آپ کی تحریر میں نظر نہیں آتی اگر آپ کا مقصد اصلاح اس کے لیے مضمون بہتر صنف رہے گا۔ تلخ نوائی کے لیے معذرت مقصد آپ کی خیرخواہی کے سوا کچھ نہیں

Laisser un commentaire

Votre adresse e-mail ne sera pas publiée.

Ce site utilise Akismet pour réduire les indésirables. En savoir plus sur comment les données de vos commentaires sont utilisées.